میرپورخاص، سانگھڑ، عمرکوٹ کے برسات متاثرہ علاقوں میں بغیر کسی تفریق کے سیلاب متاثرین کی مدد کی جارہی ہے؛ حلیم عادل شیخ  

161

میرپورخاص ،  14 ستمبر(اے پی پی ): پاکستان  تحریک  انصاف   کے    مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ  نے  کہا  ہے  کہ ہم گزشتہ دو ہفتوں سے میرپورخاص، سانگھڑ، عمرکوٹ کے برسات متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، بغیر کسی تفریق کے سیلاب متاثرین کی مدد کی جارہی ہے۔

راجا ہائوس میرپورخاص میں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو، پی ٹی آئی رہنما جہانشیر جونیجو، اکبر پلی، علی پلھ راجا عبدالحق، آفتاب قریشی و دیگر   کے  ہمراہ   اہم پریس کانفرنس سے   خطاب  میں  حلیم عادل شیخ نے  کہا کہ صدر مملکت کے پروگرام کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، میرپورخاص کی انتظامیہ نااہل ہے جس نے اپنے آقاہوں کے کہنے پر راشن کے ٹرکوں پر حملہ کرایا، ہم مقرر کردہ طریقہ کار سے راشن کی تقسیم کر رہے تھے انتظامیہ نے متاثرین کو ٹرک لوٹنے کے لئے چھوڑا ۔

حلیم عادل شیخ نے  کہا کہ بلاول نے گزشتہ روز کہا کہ   راشن تقسیم کرنے سے کچھ نہیں ہوگا،بلاول کو معلوم نہیں غریب سیلاب متاثرین کے پاس دو وقت کی روٹی کی  کتنی اہمیت ہے،بلاول اور سندھ حکومت کے وزراء ہفتے سے ہیلی کاپٹر پر  چکر   لگا    رہے  ہیں  ۔ انہوں نے  کہا کہ بلاول کروڑوں روپے عوام کے خرچ کرکے سیلاب متاثرین میں صرف یہ کہنے جاتے ہیں کہ وفاق کچھ نہیں دے رہا، وفاق کے خلاف بھاشن دینے کے بجائے متاثرین کو راشن دیا جاتا تو متاثرین کی تکلیف کم ہوجاتی بلاول سندھ حکومت کی نااہلی چھپانے کے لئے وفاق پر تنقید کر رہے ہیں۔

 حلیم عادل شیخ نے  کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایک لاکھ راشن بیگ گورنر پنجاب و گورنر سندھ کی جانب سے تقسیم کیے جارہے ہیں ،ٹینٹ این ڈی ایم اے کی جانب سے دیئے جارہے ہیں جبکہ دس ہزار راشن بیگ و دیگر سامان یو اے ای کے شیخ خلیفہ  بن زاید النہیاں فائونڈیشن کی جانب سے تقسیم کیا جارہا ہے،تمام سامان بغیر کسی تفریق کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

 حلیم عادل شیخ نے  مزید کہاکہ وفاق نے کرونا وبا میں بھی سندھ کی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا، سندھ کی عوام میں ساٹھ ارب روپے تقسیم کئے گئے اب بھی وفاق  مزید متاثرین کی مدد کرے گا۔