جودھپور واقعہ پر  بھارتی  ہٹ دھرمی کے خلاف ہندو برادری  بروز   جمعرات  بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنا  دے  گی  ؛ رکن قومی اسمبلی رمیش کمار

133

اسلام آباد ،  22 ستمبر(اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر جودھپور میں پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت کے  معاملے  پر بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف ہندو برادری  بروز   جمعرات  اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنا  دے  گی  ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک  بھر  سے   ہندو برادری کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ، جو بھارتی   ہائی  کمیشن  کے     باہر  دھرنا  دیں  گے   اور  جب تک بھارت ہندو خاندان سے متعلق تحقیقات کی کاپی شیئر نہیں کرے گا، دھرنا جاری رہے گا۔

رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے   کہا بھارتی پولیس خود کشی کا ڈرامہ رچا کر اصل حقائق پر پردہ ڈال رہی ہے،  ہمارے مطالبے کے باوجود جودھ پور واقعہ کی شفاف تحقیقات نہیں ہو سکیں جبکہ  پاکستانی سفارتخانہ کو واقعہ تک رسائی نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس  دوران  ان  کو  سارے   معاملے   سے   آ گاہ  کیا ۔

 خیال رہے کہ 9 اگست کو بھارت میں 11 پاکستانی ہندو پراسرار طور پر ہلاک ہوئے تھے۔  پاکستان سے جانے والے ہندو راجستھان کے ضلع جودھپور میں رہائش پذیر تھے، جاں بحق ہونے والوں پورے خاندان کا صرف ایک فرد ہی زندہ بچا تھا۔