لاہور، 28 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب یکم اکتوبر کو پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح کریں گے۔آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسویشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی،نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے 1 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے 4 سے 5 لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جارہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر کسی حکمران کا کسی منصوبے میں ذاتی مفاد ہو تو وہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ سابق ادوار میں قائد اعظم بزنس پارک کا منصوبہ ناکام ہوا اور صوبہ میں کوئی سپیشل اکنامک زون نہ بن سکا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عثمان بزدار کی قیادت میں رحیم یار خان، بہلوال، وہاڑی، فیصل آباد اور شیخوپور کے نزیک موٹروے پر سپیشل اکنامک زون بنائے ہیں۔ پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں نجی شعبہ میں بھی 4 سپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بہاولپور میں سپیشل اکنامک زون بن چکا وزیر اعظم جلد از کا افتتاح کریں گے۔ لاہور – ملتان موٹروے پر شجاع آباد کے نزدیک بھی انڈسٹریل پارک بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں چھوٹے انڈسٹریل پارک بھی بنائے جارہے ہیں۔ نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے 23 درخواستیں آچکی،اگلے 15 روز میں تما م متعلقہ محکموں سے 7 سے 8 پلانٹس لگانے کے لئے این او سی جاری ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کے ساتھ کھڑا ہوں، ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر جگہ آواز اٹھاؤں گا۔
وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ اگلے ماہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں ٹیکسوں کے ریفنڈسمیت تمام مسائل رکھے جائیں گے جبکہ صنعت کاروں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے قیادت میں کورونا سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔