ترنول میں  پناہ گاہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب، پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی کی شرکت

204

اسلام آباد،06 اکتوبر ( اےپی پی): ترنول میں پناہ گاہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس،  پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی اور ترکی کی فلاحی تنظیم TIKAکے سربراہ گکھان امت نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال نے پناہ گاہ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ احساس پروگرام کے تحت وزیر اعظم پاکستان کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت وہ ملک کے مجبور اور کمزور طبقات کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دیہاڑی دار افراد، مسافروں اور دور دراز علاقوں سے حصول روزگار اور علاج کے سلسلے شہروں میں آنے والے مجبور افراد کے لیے روشنی کی کرن اوراہم سہارا  ہے جس کی مدد سے ملک میں کمزور افراد کی خدمت کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوچکا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال  عون عباس بپی نے بتایا کہ پناہ گاہ میں مجبور افراد کو با عزت انداز میں عارضی رہائش اور دو وقت کا کھانا میسر ہوگا۔ ایک پناہ گار میں روزانہ 400افراد کے رات کا کھانا کھانے اور 100افراد کی رہائش کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پناہ گاہ میں خواتین کے لیے علیحدہ کمرے ہوں گے جبکہ مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال عون عباس نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ  وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کی ہدایات کے مطابق دوسرے صوبوں کے بڑے شہروں میں بھی ماڈل پناہ گاہیں قائم کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر ترکی کی فلاحی تنظیم کے ساتھ ایک مفاہمتی یاد داشت بھی عمل میں آئی جس پر ایم۔ڈی پاکستان بیت المال اور TIKAکے سربراہ گوکھن امت نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے مطابق CDA کی طرف سے ترنول میں دی گئی زمین پر TIKAپناہ گاہ کے لیے عمارت تعمیر کر کے پاکستان بیت المال کے حوالے کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے سفیر احسان مصطفی نے ملک کے متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے موجودہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا۔ دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی محروم طبقات کی بہتری کے لیے پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔