چاغی،08اکتوبر(اے پی پی) : چاغی میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر قادربخش محمدحسنی نے کی۔ ریلی میں قبائلی معتبرین، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے. ریلی کی شرکاء نے مختلف شاہراہوں پر گشت کرکے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ بعد ازاں دالبندین پریس کلب کے سامنے پہنچ کر ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاک کی دہشت گردی کے خلاف اور امن کی قیام کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کی آن بان اور شان ہے مسلح افواج کی بدولت ہی پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے گرداب سے نکل آئی۔ انہوں نے پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اپنی مسلح افواج پر بے بنیاد الزام تراشی کرکے دشمن کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں جو ہرگز قابل قبول نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر محاذ پر پاک فوج کی حمایت جاری رکھیں گے۔