خوشاب پولیس علاقہ میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنائے گی: ڈی پی او کیپٹن (ر)  طارق عنایت

96

خوشاب ، 09 اکتوبر (اے پی پی ): ڈی پی او خوشاب کیپٹن (ر)  طارق عنایت نے کہا کے خوشاب پولیس علاقے میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنائے گی، کسی کو علاقہ کا امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مذہبی انتشار پھیلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب جوھرآباد اور  ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کے عہدیداروں سے تعارفی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کے لیے  اپنا کردار ادا کریں اور کمی کوتاہیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہم اپنے فرض کو مزید اچھے انداز میں ادا کر سکیں ۔ صحافت  کو ریاست کا چوتھا ستون تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں میڈیا کا کردار  انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ، کسی بھی وقوعہ  سے متعلق پولیس کا موقف خوشاب پولیس کے ترجمان سے لیں اور اس کو اپنی خبر کا حصہ ضرور بنائیں تاکہ عوام تک اصل حقائق درست انداز میں پہنچ سکیں۔

 ڈی پی او نے کہا کہ بطور سربراہ خوشاب پولیس میری ترجیحات میں شامل ہے کہ جرائم کے خاتمہ، عوام کی دادرسی اور میرٹ کی یقینی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاوں۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور وہ اپنے انجام کو جلد پہنچیں گے ،منشیات کے اسمگلروں کو کیفرو کردار تک پہنچانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کے صدر راناظہیر ساجد اور ڈسٹرکٹ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ملک ممتاز جاوید نے ڈی پی او کو یقین دلایا کہ پولیس کے ہر اچھے کام کی بہتر اور مثبت انداز میں کوریج کی جائے گی۔