چارسدہ میں دو سالہ بچی کیساتھ زیادتی اور قتل کا مرکزی ملزم گرفتار

88

پشاور، 12اکتوبر(اے پی پی):  وزیراعلیٰ کے مشیر اطلاعات کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پولیس نے ایک نابالغ لڑکی زینب  کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔

صوبائی وزیر قانون سلطان محمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب  کے  ہمراہ  چارسدہ میں پریس کانفرنس  کرتے   ہوئے  انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روزضلع چارسدہ کے قریب ، پشاور کے علاقے داؤد زئی میں ڈھائی سالہ بچی ، زینب کی لاش کھیتوں سے ملی۔  ایک میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پہلے اس نابالغ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر اس پر چھری کے وار کیے گئے۔

 کامران بنگش نے نامہ نگاروں کو بتایا یہ ایک اندھا معاملہ تھا اور پولیس نے ایک ہفتے میں اس اہم ملزم کی گرفتاری کے ذریعے معاملہ حل کیا،  پولیس نے ملزم کی شناخت متاثرہ 45 سالہ پڑوسی کے طور پر کی ہے۔انہوں  نے بتایا کہ ملزم نے ڈھائی سالہ بچی کو پہلے قتل کیا اور اس کی لاش کو گاؤں سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر کھیتوں میں پھینک دیا۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش اس جرم کا اعتراف کیا ہے اور اہلکاروں نے ملزم کی فراہم کردہ اطلاع پر قتل کا اسلحہ ، متاثرہ کے جوتے اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزم کو اس کے جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔  ڈی پی او نے مزید کہا کہ تفتیش کے دوران 350 سے زائد افراد سے تفتیش کی گئی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس آفیسر نے بتایا کہ نابالغ کو قتل کرنے کے بعد ، ملزم نے مقامی مسجد کے مولوی کو لاش کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اس نے کھیتوں میں ایک لاش دیکھی ہے۔