لاہور،13 اکتوبر(اے پی پی):گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، پہلی بار ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے،اپوزیشن ملکی ترقی کو بر یک لگانے کیلئے منفی پروپگنڈہ کر رہی ہے۔
ڈی جی خان چیمبرکے صدر جلال الدین رومی نے گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے منگل کو یہاں ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بزنس کیمونٹی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، کورونا کیخلاف بزنس کیمونٹی کا ریلیف میں بھی مثالی کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی استحکام بھی ضروری ہے، دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر نا چاہتے ہیں ۔
گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بن رہا ہے، ملکی معاشی ترقی کو عالمی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے حکومتی ادارے بھر پورکام کر رہے ہیں ۔
اس موقع پر جلال الدین رومی نے کہا ملکی ترقی کے لیے بزنس کیمونٹی حکومت کیساتھ متحد کھڑی ہے۔انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر گورنر پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات میں بزنس کیمونٹی کے مسائل،روزگار کی فراہمی سمیت دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔