اسلام آباد،13 اکتوبر(اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سےبرازیل ، ڈنمارک ، سویڈن ، یونان ، ہنگری اور یوکرین کے نئے نامزد سفراء نے منگل کو یہاں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور اپنی تعیناتی کے اسناد پیش کیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے سفیروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفیر باہمی معاشی ، سیاسی ، ثقافتی اور سفارتی تعلقات سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے سفراءکو حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا جس سے کوویڈ 19 کے تدارک میں مدد ملی۔
صدر نے ہندوستانی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان نے اقلیتوں پر ظلم ڈھا کر دہشت گردی کا راج مسلط کیا ہوا ہے، عالمی برادری ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ذریعہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتی گروہوں کے خلاف ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔