تھانوں میں غریب اور بے سہارا افراد کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے؛ریجنل پولیس آفیسر ملتان کی  پولیس  اہلکاروں  کو  ہدایت

355

ملتان،13 اکتوبر (اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے  پولیس  اہلکاروں  کو  ہدایت کی   ہے  کہ پولیس افسران سفارش اور دباؤ سے بالاتر ہو کر کام کریں، جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالیں ،قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،تھانوں میں ٹاوٹوں کا داخلہ بند کریں جبکہ  ناجائز مقدمات قائم کرنے سے باز رہیں۔

یہ بات انہوں نے پولیس لائین وہاڑی میں امن وامان بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا کہ تھانوں میں غریب اور بے سہارا    افراد کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے، لوگوں کے ساتھ انصاف کریں ،میرٹ کو اپنائیں ،ہم اللہ تعالیٰ کو بھی جواب دہ ہیں، دنیاوی مفادات کے لیے آخرت کو برباد نہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جو ایس ایچ او ناجائز مقدمات قائم کرنے میں ملوث پایا گیا اسے اسی مقدمہ میں اسی کے تھانہ میں بند کیا جائے گا۔

 ار پی او وسیم احمد خان نے کہا کہ اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری کے لیے جدید خطوط پر کام کریں، عدالتی مفروروں کی گرفتاری میں کسی قسم کی تاخیر پر متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول کریں ،خارج ہونے والے مقدمات میں بے گناہ ہونے والے افراد کی تصدیقی رپورٹ لکھیں، تفتیشی امور کو دیانت داری اور غیر جانبداری سے انجام دیا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ معمولی نوعیت کے مقدمات فوری نمٹائیں۔

آر پی او وسیم احمد خان نے ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کے لیےاور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ،تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو روڈ سیفٹی بارے آگہی کے لیےڈی ایس پی ٹریفک وہاڑی اور پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس وہاڑی کے ڈی ایس پی کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بغیر نمبر گاڑی یا موٹر سائیکل یہ غیر نمونیا نمبر پلیٹ لگانے پر کارروائی کی جائے اسی طرح کم عمر ڈرائیورز ،ون ویلنگ کرنے والوں اور تیز رفتاری کے مرتکب کے خلاف کارروائی کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان نے امن وامان بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔
قبل ازیں آر پی او کے وہاڑی پہنچنے پر ڈی پی او احسان اللہ چوہان نے استقبال کیا پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔آر پی او وسیم احمد خان نے یاد گار شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے ۔

وسیم احمد خان نے پولیس لائین میں سرکاری گاڑیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے پولیس نفری کی نقل و حرکت کے لیے استعمال کی جانے والی بس کی فوری مرمت کا حکم دیا آر پی او نے پریڈ گراؤنڈ کی تزئین وآرائش کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا اور پریڈ گراؤنڈ میں گراسی پلاٹ بنانےپھل دار اور سایہ دار درخت لگانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈی پی او احسان اللہ چوہان،ایس پی انویسٹیگیشن وہاڑی مطیع اللہ خان،ایس ڈی پی اوز،اے ڈی آئی جی حسن عباس،اے ڈی عبد الرحیم،پی ایس عبد القادر،ریڈر ٹو آر پی او محمد نعیم اور ضلع بھر کے ایس ایچ او حضرات شریک تھے ۔