ملتان ،19اکتوبر(اے پی پی): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ممتاز آباد میں قائم سہولت بازار کا دورہ کیا۔
دورہ کے موقع پر وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ پچھلی حکومت نے معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا جس کا خمیازہ مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے، موجود حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے،آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر توانائی پنجاب نے کہا کہ سہولت بازار قائم کرکے حکومت نے مہنگائی کا حل نکال لیا ہے،سہولت بازارصوبہ بھر میں ہر تحصیل کی سطح پرقائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی اور گرانفروشی پر کنٹرول کے لئے منظم پلاننگ کر لی ہے اور حکومت آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ملتان شہر میں شمس آباد،مدنی چوک،ممتاز آباد اور نواب پور روڈ پر سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں ،شجاع آباد اور جلالپورپیروالا میں سہولت بازار قائم کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں 20 کلوآٹے کا تھیلا860 روپے میں دستیاب ہے۔
عامر خٹک نے کہا کہ تمام اشیائے ضروریہ کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنے کیلئے سٹال لگائے دیئے گئے ہیں، آٹے کی مقررہ قیمت پر وافر مقدار میں فراہمی کے لئے ضلع میں77 سیل پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا سہولت بازاروں میں صفائی اور سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں اور سہولت بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جارہا ہے، سہولت بازاروں میں محکمہ صحت اور ریسکیو1122 نے کیمپ بھی لگا دیئے ہیں۔
اے سی سٹی عابدہ فرید،مارکیٹ کمیٹی،محمکہ انڈسٹریز اور کارپوریشن کے افسران بھی ہمراہ تھے۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ ملتان نے ضلع میں 6 سہولت بازار قائم کر دیئے ہیں، سہولت بازار میں آٹا،چینی،گھی،سبزی فروٹ سمیت تمام اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں پر دستیاب ہیں۔











