شکر گڑھ، 19 اکتوبر(اے پی پی ): ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں شکرگڑھ میں مشعل بردار جلوس وریلی نکالی گئی۔جلوس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی،جنکی قیادت شیران اسلام پاکستان کے مرکزی چئیرمین پیر عطاء الحق نے کی جبکہ مرکزی ناظم اعلی حافظ اظہر نعیم اور صوبائی امیر پنجاب شہزادہ بٹ سمیت دیگر رہنماوں نے خصوصی شرکت کی اور ماہ مبین کی آمد پر اظہار خیال کیا اور نبی آخرالزمان شفیع الزنبین کی ولادت باسعادت کے حوالے سے فضائل واعمال بیان کیے۔
اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں مشعلیں اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔جلوس نقش لاثانی نگر سے ریلوے پھاٹک اور کچہری چوک سے ہوتا ہوا واپس ریلوے پھاٹک پر اختتام پذیر ہوا۔عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم، آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے نعرے لگاتے رہے اور نعتوں کے ساتھ جھومتے رہے۔











