ملتان، 29 اکتوبر (اے پی پی ): ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہفت روزہ تقریبات بعنوان ہفتہِ حرمتِ و تحفظ ناموس رسالت ؐ کے دوسرے روز ای لائبریری ملتان میں نعت مقابلے ا نعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر سکولز و کالجز کے طلباء میں الگ الگ مقابلہ نعت شریف ہوا جس کے منصف کے فرائض معروف مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو نے سرانجام دیئے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان گرامی لائنز کلبز انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ سماجی رہنما محمد افضل سپرا نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ دونوں جہانوں کے لیے باعث رحمت اور وجہ تخلیق کائنات ہیں ،حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ ﷺ کی سنت کی پیروی ہماری بخشش و نجات کا ذریعہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ سے عشق مسلمان کی معراج اور اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعے ہے۔ نبی کریمؐ ؐ کی اطاعت اللہ کی اطاعت ہے ۔دین سے دوری کی وجہ سے آج پوری امت مسلمہ مشکلات و مصائب کا شکار ہے اور دشمنانِ اسلام اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام کے خلاف سازشیں کرنے کے ساتھ ساتھ شان رسالت ماب ﷺمیں گستاخی بھی کررہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں۔ تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے لیے ہمارا ہر مسلمان مرد،عورت اور بچہ بچہ اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔
مقابلے میں اول انعام فیصل رحمان گورنمنٹ سمرا پبلک سکول، دوم محمد عباس، سوم محمد زوہیب اور چہارم زاہد حسین گورنمنٹ اقبال سیکنڈری سکول نیوملتان رہے جبکہ مقابلہ نعت برائے کالجز، مدارس و یونیورسٹی میں اول انعام محمد خالد جعفر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملتان، دوم محمد مجتبٰی اعجاز گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز شجاع آباد، سوم سید تجمل حسن بہاوّالدین ذکریا یونیورسٹی اور چہارم عبدالہادی مدرسہ فیض القرآن ملتان رہے ۔ مقابلے میں شریک دیگر طباء حمزہ شہزاد، محمد بلال، محمد حسنین، حافظ محمد شاہد امین، آصف علی ذاوش اور محمد اظفر عبداللہ میں حوصلہ افزائی کے خصوصی انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گیے۔
تقریب کے آخر میں ملکی سالمیت واستحکام کے لیے دعا کی گئی۔
بعد ازاں حرمت رسولؐ میلاد مصطفٰےؐ ریلی نکالی گئی جو ای لائبریری سے سپورٹس گراوّنڈ ملتان تک گئی ۔ریلی کے شرکاء نے رسولؐ کے غلام ہیں، گستاخ نبیؐ پر لعنت، اور نعرہ رسالت ؐ لگائے۔
تقریب کے مہمانان خصوصی میں ڈائریکٹر نجات سینٹر ملتان ڈاکٹر نثار احمد چوہدری، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم،انچارج ای لائبریری ملتان فاروق لطیف، معروف ماہر۔تعلیم و سماجی رہنما ملک شاہد یوسف،پروفیسر اعظم حسین، مختار سومرو،اظہر محمود شیخ،محمد ارسلان علوی، پروفیسر محمود ڈوگر، محمد علی اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے۔