چنیوٹ، 30 اکتوبر (اے پی پی ): عید میلاد النبی ﷺ12 ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھرمیں کل 34 جلوس نکالے گئے اور 6 محافل کا انعقاد کیا گیا ، انجمن رضائے مصطفی چنیوٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا۔
دعوت اسلامی چنیوٹ کے زیر اہتمام بھی مرکز فیضان مدینہ سالارہ روڈ سے بھی ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا۔جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں انجمن فروغ میلاد مصطفی ٹبہ لوہاراں مسلم بازار چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک بہت بڑا عظیم الشان جلوس نکلا گیا۔
جلوس کے شرکا نے بڑے بڑے بینرز سبز ہلالی جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔فضا مرحبا یا مصطفی کے نعروں سے گونجتی رہی، جلوس میں ہزاروں عاشقان مصطفی ﷺ نے شرکت کی جبکہ جلوس کی قیادت جماعت اہلسنت، انجمن غلامان مصطفی، اور جان نثاران تاجدار ختم نبوت کے صدر حاجی سکندر حیات،جنر ل سیکرٹری خواجہ معین الدین، پیر سید محمد طاہر شاہ، انجمن رضا مصطفی کے اراکین مولانا نعیم الدین اور مولانا ظہیر الدین، پیر زادہ اقبال حسین، محمد حبیب قادری، اور دیگر علما کرام نے کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس ہائی الرٹ رہی جبکہ تمام جلوسوں کے روٹس اور محفلوں پر 4ڈی ایس پیز،8انسپکٹرز سمیت 600 سے زائد پولیس افسران و ملازمان ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔