میرپورخاص،30 اکتوبر (اے پی پی ): جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مدینہ مسجد چوک پر فرانس میں حکومتی سرپرستی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس کی توہین و گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی مسلمانوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا ۔
احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل نے خطاب کرتے ہوۓکہا کہ فرانس کی حکومت نے اپنی مذموم حرکت سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں کو چھلنی کردیا ہے ۔آج امت مسلمہ شدید کرب اور غم میں مبتلا ہے، عالمی طاقتوں کی سرپرستی میں فرانس نے نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کرکے پوری دنیا کو تباہ کن عالمی جنگ کے دھانے پر لا کھڑا کر دیا ہے۔ فاتر العقل فرانسیسی صدر کو مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے پر عبرت ناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔ گستاخ نبی کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ۔
مظاہرہ سے محمد رفیق چوہان، حافظ سلمان خالد اور ظفر اقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرمظاہرین نے فرانس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ا ور فرانس سے فوری سفارتی تعلقات ختم کرنے اور ہر قسم کی مصنوعات کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے،مظاہرہ میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔