پاراچنار، 30 اکتوبر(اے پی پی ):قبائلی ضلع پاراچنار میں بھی شان رسالت میں گستاخی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور مسلمان ممالک سے گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاراچنار میں شان رسالت میں گستاخی کے خلاف ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں قبائلی عمائدین اور علماء کرام کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
مظاہرین سے خطاب میں قبائلی رہنما حاجی سردار حسین علامہ خیال حسین دانش ، حاجی نور محمد اور دیگر مقررین نے کہا کہ بار بار مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے اس قسم گستاخانہ خاکے تیار کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب صدائے مظلومین کے رہنماؤں علامہ مزمل حسین ، احمد طوری ، شفیق مطہری ، ڈاکٹر مرتضی اور دیگر مقررین نے کہا کہ ایک طرف فرانس میں مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے گستاخانہ خاکے جاری کئے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب سعودی عرب اور عرب امارات میں اسرائیل کی خوشنودی کیلئے پاکستانیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے جو کہ افسوسناک ہے۔