دیامیر۔1نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم ملک کے لیے اہم ترین منصوبہ ہے، جہاں اس ڈیم سے پانی ذخیرہ اور بجلی بنے گی وہاں اس کی وجہ سے تربیلہ ڈیم کی کارآمد معیاد میں اضافہ ہوگا روزگار کے مواقع ملیں گے اور معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے دیامیر بھاشا ڈیم سائٹ کے دورہ اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیر اعظم کو جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ڈیم پر جاری کام کا جائزہ لیا اور کام کرنے والے کارکنان سے گفتگو بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم ملک کے لیے اہم ترین منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں اس ڈیم سے پانی ذخیرہ اور بجلی بنے گی وہاں اس کی وجہ سے تربیلہ ڈیم کی کارآمد معیاد میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع ملیں گے اور معیشت مزید مستحکم ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیراتی کام سے اس علاقے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔