پشاور، 2نومبر(اے پی پی): انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ پروایکٹیو پولیسنگ کے ذریعے عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو کے تخفظ کے لئے سخت اقدامات اٹھائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے پیر کو سنٹرل پولیس آفس پشاور سے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں کے ساتھ ایک ویڈیولنک کانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔ ریجنل پولیس افسروں نے اپنے اپنے ریجن میں دہشت گردی، سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز، سنیپ چیکنگ، کرایہ داری ایکٹ پر سخت عمل درآمد اور کومبنگ آپریشنز میں مشتبہ افراد کی گرفتاریوں اور اسلحہ و نارکاٹکس کی برآمدگی کے حوالے سے باری باری تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی پی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے موثر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کریں۔ انہیں روزانہ کی بنیاد پر جگہ جگہ پر سنیپ چیکنگ، کومبنگ آپریشنز اور انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی کاروائیاں کرنے اور رپورٹ سنٹرل پولیس افس پشاور بھیجوانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پی نے کہا کہ پروفیشنل پولیسنگ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین حکمت عملی اور منصوبہ بندی سے دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے مزموم عزائم کو بروقت خاک میں ملانا ہوگا۔
آئی جی پی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹتے ہوئے قانون کے دائرے میں حکومتی رٹ کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت ہمارے فرائض میں شامل ہے اور کہا کہ پر امن اور خوشحال معاشرے کا قیام میری اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے سپیشل برانچ کا دورہ کیا جہاں ان کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی کاروائیوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔