میرپورخاص،06نومبر(اے پی پی ):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میرپورخاص کے قریب گاؤں میں بارش کے پانی میں چچا اور بھتیجے کے ڈوب کر جانبحق ہونے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی روز گز جا نے کے باوجود میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ کے علاقوں سے برسات کا پانی نہ نکل سکا ہے ۔
اپنے پیغام میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ایک ہی گھر کے دو چراغ برساتی پانی نے بجھا دیئے،یہ وہی علاقہ ہے جہاں ہم نے امدادی سرگرمیوں کے دوران سندھ حکومت کو پانی نکالنے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل ایریگیشن انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کے لوگوں کی زمینیں بچانے کے لئے غریبوں کے گوٹھ ڈبوئے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ واقع میں فوت ہونے والوں کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، متعلقہ ایریگیشن افسران پر ایف آئی آر درج کرائی جائے، اتنے دن گذرنے کے باوجود ایریگیشن افسران نے پانی کیوں نہیں نکلوایا۔ انہوں نے کہا کہ واقع میں فوت ہونے والوں کے ورثا سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔