ملتان،6نومبر(اے پی پی ): دفتر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ہائی کورٹ ملتان بنچ میں عدالتی عملہ، وکلاء اور سائلین کیلئے یوٹیلٹی سٹور موبائل وین کا افتتاح کر دیا گیا ہے، افتتاح ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد رمضان خالد جوئیہ نے کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل محمد رمضان خالد جوئیہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سستے داموں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے سلسلہ میں یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کی طرف سے موبائل یونٹ کے افتتاح کے بعد عوام کو معیاری اشیاء رعایتی نرخ پرملیں گئیں،ملک بھر میں موجود مافیاء ذخیرہ اندوزوں کی خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے عوام شدید پریشان ہے ان کی حوصلہ شکنی کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلیے یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کا پیکج اہم ہے،جہاں عوام کو گھی،چاول،چینی،آٹا، دالیں، وغیرہ سستے داموں میسر آنا اہم پیش رفت ہے۔
یوٹیلٹی سٹور موبائل وین کے افتتاح میں زونل منیجر شہزاد خان ، ریجنل منیجر چوہدری سجاد اور ایریا منیجر عبدالرحمن کا تعاون حاصل رہا۔
اس موقع پر سید شفقت شاہ، ملک ماجد نعیم اور فضل عباس ،عدیل ریاض و دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔