سیالکوٹ، 07 نومبر ( اےپی پی): اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری قیصر اقبال بریار نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے COVID-19کی وجہ سے ملکی برآمدی انڈسٹری کو ریلیف فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ایوان صنعت و تجارت نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملکی برآمدات کے فروغ اور سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
قیصر اقبال بریار نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سیالکوٹ کی برآمدی انڈسٹری کو درپیش جن مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اس میں ایس ایم ایز کیلئے سرمایہ کی فراہمی،Eximبینک آف پاکستان کا قیام، ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے بیک ٹو بیک لیٹر آف کریڈٹ کی سہولت، ڈی ایل ٹی ایل ٹائم بارڈ کیسزکیلئے ون ٹائم ریلیف،سیالکوٹ ٹینری زون کیلئے خصوصی مالی سکیم، ڈی ایل ٹی ایل کیسز کی ادائیگی کے طریقہ میں سہولت،سیالکوٹ میں کمرشل بینکس کے ٹریڈ آفسز نہ ہونے کی وجہ سے برآمدکنندگان کو درپیش مسائل شامل تھے۔
صدر چیمبر نے کہا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹری میں اپنی برآمدات کو دوگناہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے لیکن اس کیلئے حکومتی تعاون درکار ہے۔اس موقع پر سیما کامل ڈپٹی گورنر، محمد اشرف خان، منیجنگ ڈائریکٹر، جناب ارشد محمود بھٹی ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ سیالکوٹ کے تاجروں نے شرکت کی ۔
گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے قومی معیشت میں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے برآمدکنندگان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم ملکی برآمدی انڈسٹری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بھر پور کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے فنانسنگ اوربرآمدات کا فروغ ان کی سب سے اہم ترجیحات میں شامل ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہمیشہ ملکی انڈسٹری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔