ملتان، 13نومبر(اے پی پی ):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر کی صفائی کے لئے نئی حکمت عملی تیار کر لی۔ اب صبح 6 بجے سے 8 بجے تک دو گھنٹے کیلئے شہر کی مرکزی سڑکوں کی صفائی ستھرائی ہو گی 8 بجےسے دوپہر2 بجے تک مارکیٹوں اور رہائشی آبادیوں کی گلیوں محلوں میں صفائی کا کام ہو گا سی ای او عبدالطیف خان نے تمام مکینکل سوئپرز بھی فیلڈ میں لانے کی ہدایت کر دی مصروف شاہراہوں کی جلد صفائی کے لئے مکینیکل سوئیپر کا بھرپور استعمال شروع کردیا گیا ہے صفائی بارے نئی حکمت عملی ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مرکزی شاہراہیں شہر کا حسن اور چہرہ ہیں ملازمین اور سٹوڈنٹس صبح کے اوقات میں سرکاری اور نجی اداروں کا رخ کرتے ہیں،عامر خٹک نے کہا صبح کے اوقات میں شاہراہوں کا صاف ستھرا ہونا بہت ضروری ہے۔