ملتان ،16نومبر(اے پی پی ): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے پیر کو یہاں مدنی چوک اور ممتاز آبادمیں قائم سہولت بازار کا دورہ کیا ، سہولت بازاروں میں آٹے،چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا، ڈی سی عامر خٹک بھی انکے ہمراہ تھے ۔
ڈاکٹراخترملک نے سہولت بازاروں میں آئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں میں آٹا،چینی اور دیگر اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، حکومت نے گندم اور چینی درآمد کرکے قلت کا خاتمہ کردیا ہے۔حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے،سہولت بازاروں میں 20کلوآٹے کا تھیلا 840 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیر توانائی نے نے کہا کہ ملتان صوبہ میں واحد ضلع ہے جہاں سہولت بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز نے بھی سٹال لگائے ہیں ۔یوٹیلٹی سٹور کی طرف سے آئل 170 روپے لٹر فراہم کیا جارہا ہے ۔
ڈی سی عامر خٹک نے کہا کہ ضلع میں آٹے اور چینی کی کوئی قلت نہیں ہے،ضلع ملتان کے لئے حکومت نے گندم کا کوٹہ بڑھا دیا ہے ۔درآمد کی گئی گندم کی فراہمی بھی ضلع کو شروع کردی گئی ہے۔ فلور ملوں پر مانیٹرنگ آفیسرز کی تعیناتی کے مثبت رزلٹ سامنے آئے ہیں۔
عامر خٹک نے کہا سہولت بازاروں اور ٹرکنگ سیل پوائنٹس پر آٹا فروخت ہونے سے بچ جاتا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنائی جا رہی ہے ۔اس کے علاوہ پرائس مجسٹریٹس کو ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی واضح ہدایت دی گئی ہیں۔