گلگت بلتستان کی عوام نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے: سینئر صوبائی   وزیر عبدالعلیم خان

87

 

 لاہور،16نومبر (اے پی پی): گلگت بلتستان میں کامیابی پر سینئر صوبائی   وزیر عبدالعلیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے  کہ  گلگت بلتستان کی عوام نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ،انہوں  نے  کہا کہ ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور مقبول پارٹی ہے۔

پیر کو یہاں اپنے ایک بیان  میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ   گلگت  بلتستان کی عوام نے سیاسی فہم اور باشعور ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے،اب گلگت  بلتستان میں بھی ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے  کہا کہ ان نتائج کے بعد ملک گیر تبدیلی کا عمل شروع ہو گا اور حقیقی ترقی ہو گی۔ تحریک انصاف نے اپنے وعدے پورے کیے ہیں، اسی لئے مزید کامیابی مل رہی ہے۔ علی امین گنڈاپور،زلفی بخاری اور مراد سعید بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب کا کہنا  تھا   کہ گلگت  بلتستان کے نتائج موجودہ حکومت کی کارکردگی کے عکاس ہیں۔ تمام بیانیے دم توڑ چکے ہیں، ترقی و خوشحالی کو واضح کامیابی ملی ہے۔ امید ہے تمام جماعتیں ان نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی و خوشحالی اور کامیابیوں کا سفر جاری رہے گا۔