پشاور، 24 نومبر(اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار پہلے سلام پھر کلام کے اصولوں پر مکمل کاربند ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس پوری جانفشانی کیساتھ شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز گلبہار میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ڈرائیونگ کو محفوظ بنانے کیلئے شہر کی مختلف شاہراہوں پر روزانہ روڈ یوزرز کو اگاہی دی جا رہی ہے اور ساتھ ہی شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایف ایم ریڈیو88.6 سروس کا بھی باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ گوگل میپ، روڈ کیمرہ کنٹرول روم کے زریعے بھی عوامی اگاہی مہم جاری ہے جبکہ ٹریفک اہلکاروں کی اسانی کیلئے کمپوٹرائزڈ ڈیوٹی روسٹرز کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک روانگی کے لیے ایس پی رینک کے افسر موجود ہوتے ہیں۔ شہر میں 30 ہزار رجسٹرڈ 23 ہزار غیر رجسٹر رکشے اور لاکھوں کی تعداد میں موٹر سائیکل ہیں جن کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ انکے علاوہ دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے روڈ یوزرز سے جرمانہ کی شکل میں وصول کیے گئے کروڑوں روپے قومی خزانہ میں جمع کردئیے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک رش کے تیں پوائینٹس ہر وقت ہماری نظر میں رہتے ہیں جن میں جی ٹی روڈ، چارسدہ روڈ، جمرود روڈ شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے گاڑی پارک لائن، زیبرا کراسنگ سسٹم مزید فعال کردیا ہے اور شہر میں تمام شاہراہوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے روڈ کراسنگ لائنز لگا دی گئی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجیدخان مروت میڈیا کو بریفک دیتے ہوئے کہا کہ زیبرا کراسنگ پر عمل درآمد لازم ہے شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے تجاوزات کے خلاف اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں کیونکہ تجاوزات کا خاتمہ بھی ٹریفک مسائل کے حل میں مدد دے گا اسلئے تجاوزات کے خاتمے میں تاجر برادری کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔