ملتان، 29نومبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاون جاری ہے، متعدد میرج ہالز، ریسٹورنٹس اور دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید کی نگرانی میں 28 میرج ہالز کی چیکنگ کی گئی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر8میرج ہالز کو سیل کر دیا گیا جبکہ 6 میرج ہالز کے خلاف مقدمہ درج اور 13 کو وارننگ جاری کی گئ۔کھلے مقامات پر لگائی جانے والی مارکیز اور بینکویٹ ہالز میں وینٹی لیشن کو ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شادی ہال مالکان کی رہنمائی کے لئے مطلوبہ معیار پر اترنے والی ماڈل مارکی کی تصاویر بھی جاری کر دیں ہیں۔
دوسری طرف پرائس مجسٹریٹس نعمان عابد اور طارق ولی نے گردیزی مارکیٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بھرپورایکشن لیا اور “نو ماسک نو سروس” کی خلاف ورزی پر4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔پرائس مجسٹریٹس نے سیداں والا بائی پاس،چوک کمہارانوالہ اور معصوم شاہ روڈ پربھی انسپکشن کی اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روپ میرج ہال اور گرینڈ میرج ہال کو وارننگ جاری کی گئی۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں پر15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔