لاہور،یکم دسمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے ہیپاٹائٹس،ٹی بی اور ایڈز کی بیماری کاشکارمریضوں کی سہولت کیلئے انصاف میڈیسن کارڈ کااجراء کیاہے۔ معاشرہ میں ایڈز بیماری کے بارے میں آگاہی وشعورپیداکرنا سب سے اہم ہے۔
مقامی ہوٹل میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکی جانب سے ورلڈ ایڈزڈے کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایڈز بیماری پاکستان میں خطرناک حدتک بڑھتی جارہی ہے،پاکستان میں تھیلیسیمیاء کے بچے بھی ایڈز کی بیماری میں مبتلاہوئے ہیں، ایڈز جیسی بیماری پرقابوپانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکومل کرمحنت کرنی ہوگی۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسی بیماریوں کے بارے میں آگاہی پھیلانادورحاضرکی اہم ضرورت ہے،پنجاب میں ایک لاکھ پچیس ہزارٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کررہے ہیں جبکہ معاشرہ میں ٹیکہ لگانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے اور ایڈز بیماری کے مریضوں سے جڑے منفی تصورات کو ختم کرناانتہائی اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا ماسک پہن کرہم کوروناوائرس پر70فیصدتک قابوپاسکتے ہیں،احتیاطی تدابیراختیارکرکے کسی بھی بیماری کے پھیلاؤ کوروکاجاسکتاہے۔ تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات میں بیداری شعور کیلئے مہم کا آغاز کیاجاچکاہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی اس اہم مسئلہ پرشرکت پرانتہائی شکرگزارہوں ، آج محکمہ صحت کا تمام یونیورسٹیز کے ساتھ ایم اویوایڈز بیماری پرقابوپانے کی جانب اہم قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت مندپاکستان دیکھناچاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک اشتہاری ہیں جن کو وعدہ کے مطابق فوراوطن واپس آجاناچاہئے،پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوروناوائرس میں اضافہ ہوا،اپوزیشن نے جلسوں کے نام پر عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں۔انہوں نے کہا بطوروزیر صحت کوروناوائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے کئی باراپوزیشن کو جلسے جلوس روکنے کی اپیل کی ہے۔
اس موقع پر محمد عثمان یونس نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی آمدپرخصوصی شکریہ اداکرتے ہیں۔آج ایک اہم مسئلہ پراکھٹے ہوناانتہائی قابل فخراور اعزازکی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام کے تحت ایڈز بیماری کا شکارمریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں،ایڈز کے مریضوں کی سہولت کی خاطر انصاف میڈیسن کارڈ کاجراء کیاگیاہے۔ہمارے پاس ایڈز جیسی بیماری کا مقابلہ کرنے کیلئے وسائل کی کمی نہیں ہے۔
کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس نے کہا کہ تمام بڑی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزکی موجودگی ایڈز کے تدارک کی جانب ایک اہم قدم ہے۔پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں سکریننگ کیمپ لگائے جائیں گے۔