اسلام آباد،2دسمبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ ینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 دسمبر سے 12 دسمبر تک ہفتہ برائے کورونا ایس او پیز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ہفتے کو منانے کا مقصد عوام میں اس وائرس کے خلاف مروجہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ اس بیماری کو شکست دی جا سکے۔
اس ضمن میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ اس ہفتہ کو کامیاب بنانے کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ عوام میں کورونا کے ایس او پیز جن میں ماسک کا استعمال،سماجی فاصلے،پر ہجوم جگہوں سے اجتناب اور ہاتھ نہ ملانے کے حوالے سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائےاور اس طرح اس وائرس کو شکست دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ٹیموں کو متحرک کرے اور ہر صورت کورونا کے مروجہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے اس ہفتہ کو کامیاب بنائیں۔