قومی ووٹرز ڈے؛ تھرپارکر میں تقریب  کا  انعقاد ،ووٹ کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا گیا

96

تھرپارکر،07 دسمبر(اے پی پی ):تھرپارکر میں قومی ووٹرز ڈے کہ حوالے سے الیکشن کمیشن آفیس مٹھی میں ایک تقریب منعقد کی  گئی جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھرپارکر محمد محفوظ عالم اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد کبیر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد یہ ہے کہ قوم کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے اور قوم کی کثیر تعداد جن کے ووٹ کا اندراج نہیں ہوا، ان کے ووٹ  کے اندراج اور جمہوری عمل میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے  کہا کہ اس قومی دن  کو منانے کا مقصد ووٹ کی  اہمیت کے  حوالے سے    آگاہی  پھیلانا   ہے اور  ووٹ کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔ ووٹ کے ذریعے عوام کو اپنی مرضی کی قیادت کا انتخاب کرنے کا موقع ملتا ہے۔جمہوری نظام میں ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق حاصل ہے، حق رائے دہی کے ذریعے جمہوری قوتوں کو مضبوط کرنے کا مکمل اختیار دیتا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ تھرپارکر میں خواتين کے ووٹ کو زیادہ سے زیادہ اندراج کرانے کی ضرورت ہے۔ انتخابی عمل میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے جس کے ذریعے وہ اپنے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہیں۔  جمہوریت میں عوام کو اپنی مرضی کی قیادت کو منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہے، اس لیے اپنے ووٹ کا درست استعمال کیا جاۓ۔ ووٹ کی طاقت عوام کو ایک مخلص قیادت چننے کا حق دیتی ہے۔ اس لیے ووٹ کا درست استعمال کرکہ ملک کو بہترین قیادت دے کر اسے ایک روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت اور اس قومی فریضے کی احسن طریقے سے ادائیگی کی اہمیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے۔