ملتان، 9نومبر(اے پی پی ): ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی کے لئے گرینڈ آپریشن کلین اپ لانچ کردیا ،ورکرز کی ہڑتال کے باعث شہر میں صفائی نہ ہونے کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں قائم ٹرانسفر اسٹیشنز سے ویسٹ اٹھانے کا کام گزشتہ سہہ پہر سے جاری ہے ۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر مصروف مقامات سے ویسٹ سے لدے کنٹینرز اٹھانے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لوڈر،ڈمپر اور تمام ہیوی مشینری فیلڈ میں پہنچا دی گئی ہیں۔
شاہین مارکیٹ،دہلی گیٹ اور کڑی جمنداں ٹرانسفر اسٹیشن سے ویسٹ اٹھایا جارہا ہے ۔نشتر روڈ، معصوم شاہ،رشید آباد،عید گاہ، حافظ جمال،ممتاز آباد سے کنٹینرز اٹھا لئے گئے ہیں ،مصروف شاہراہوں کی صفائی کے لئے مکینیکل سوئیپر استعمال کئے جارہے ہیں جبکہ شہر میں گزشتہ رات سے جاری بارش کی رم جھم کے باوجود صفائی آپریشن جاری ہے ۔
دوسرے مرحلے میں گلیوں اور محلوں سے کوڑا کرکٹ صاف کیا جائے گا، تمام ڈپٹی منیجرز آپریشنز اور سیکٹر انچارجز کو آج شام تک زیرو ویسٹ کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر آج شہر کا دورہ بھی کریں گے ،ایم ڈی آپریشن کلین اپ کا جائزہ بھی لیں گے۔











