کوئٹہ،9دسمبر(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل محکمہ خوراک ، جنگلات و جنگلی حیات، بہبود آبادی پراسیکیوشن، مذہبی امور اور محکمہ سماجی بہبود کے جاری اور نئی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس کے انعقاد میں غیر ضروری تاخیر اور عرصہ دراز سے جاری پرانی اسکیمات کی عدم تکمیل پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسکیمات کو جلد از جلد مکمل کرنے، جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت میں اضافے اور نئے منصوبوں پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری دنیش کمار ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبد الرحمن بزدار متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز سمیت اسپیشل سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری اطلاعات و دیگر حکام نے شرکت کی۔
اے پی پی /کوئٹہ/حامد