پشاور، 10 دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت حکومت خیبرپختونخوا کا ترجیحی شعبہ ہے جو کہ صوبے میں معاشی خوشحالی و بحالی اور روزگار کے اہم مواقعوں کو پیدا کرنے کا بنیادی شعبہ ہے۔ یہ ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی، آبادکاری اور تیزرفتار ترقی کو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کے ویژن کے مطابق یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت بنیادی طور پر نجی ہاؤسنگ اسکیموں کو منظم کرنے کے لئے حکومت خیبر پختونخواہ ضروری قانون سازی کر رہی ہے۔ جسکی روشنی میں محکمہ بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی نے خیبرپختونخوا تحصیل لوکل (گورنمنٹ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم منیجمنٹ اینڈ ریگولیشن) رولز 2020 اور خیبر پختونخوا ماڈل بلڈنگ بائی لاز 2020 تیار کیے ہیں جبکہ اس کو بہتر کرنے کے لیے تعمیراتی صنعت سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے آراء اور تجاویز سے ان قواعد و ضوابط کے معیار کو زیر غور لایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کنونشن ھال میں نجی ہاؤسنگ اسکیم اور ماڈل بلڈنگ 2020 کے ضمنی قوانین کے مسودے کے بارے میں مشاورتی ورکشاپ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضرحیات، ڈائریکٹر جنرل سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میاں محمد شفیق نے بھی خطاب کیا اور ان قوانین کے چیدہ چیدہ پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
صوبائی وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ کوڈ-19کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچا تاہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیراتی شعبے کے لیے مراعات کا اعلان ہوا اور اس مد میں بہت سارے اقدامات ہمارے صوبے نے متعارف کرائے۔ جبکہ وفاقی حکومت نے بھی تعمیراتی صنعت کے لیے ایک سو ارب روپے پیکیج کا بھی اعلان کیا اور ساتھ ہی بلڈرز اور ڈویلپرز کیلئے مراعاتی پیکیج کا بھی اعلان کیا۔
اکبر ایوب خان نےکہا کہ ہم نے معاشی بحالی کے لیے عزم نو 2020-23 کے نام سے حکمت عملی بھی تیار کر رکھی ہے۔ ورکشاپ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان نجی ہاؤسنگ اسکیم اور ماڈل بلڈنگ 2020 کے ضمنی قوانین کے مسودے کے بارے بہتری لانے کے لئے سوال و جواب اور گروپ ڈسکشن ہوئی۔ تاکہ ان قوانین کو مزید بہتر کیا جائے جس سے صوبے کی معیشت بہتر ہو اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے آراء سے استفادہ حاصل کیا جاسکیں۔