کوئٹہ، 10 دسمبر ( اے پی پی )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے مثبت اور تعمیری کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ خواتین ہمارے ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں جنہیں ہر لحاظ سے بااختیار بنانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت خاطر خواہ اقدامات کررہی ہےتاکہ صوبے کی خواتین سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار ہوتے ہوئے ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےجینڈر ایکویلٹی اینڈ وومن امپاورمنٹ پالیسی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پالیسی کی باقاعدہ اجراءپر محکمے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے موجودہ حکومت قانون سازی کے ساتھ ساتھ ان کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات اٹھارہی ہے اور اس شعبے میں مسلسل کامیابیاں بھی حاصل کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کو بااختیار بنانے کے ساتھ ان پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کیلئے ہماری حکومت پر عزم ہے اور یہ ہماری آئینی ذمہ داری بھی ہے کہ حکومت ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت خواتین کو تحفظ فراہم کرے تاکہ انہیں ہر شعبے میں بااختیار بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے خواتین کو تین اہم شعبوں میں نمائندگی دی ہے اس کے علاوہ پہلی بار انتظامی سطح پر بھی خواتین افسران کو تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے ترقیاتی پروگرام میں خواتین کی ترقی کیلئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں جن میں خواتین بزنس انکیوبیشن سینٹرز، خواتین بازار اور ڈیژنل ہیڈ کوارٹرز میں ورکنگ وومن ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پالیسی کے نفاذ سے صوبے کی خواتین کو اپنے پاں پر کھڑا کرنے کیلئے راہ ہموار ہوگی وزیراعلیٰ نے تقریب کے شرکاءمیں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔