کوئٹہ، 10 دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ہیلپر آئی اسپتال کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر رحیم بگٹی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امراض چشم کے علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ امراض چشم کی تشخیص کے لئے جدید مشینری کی خریداری کے لئے ایم ایس ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں گی۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ہیلپر آئی اسپتال میں امراض چشم کی جدید سہولیات دستیاب ہوں تو ریفرل کیسز کا تدارک کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر ہیلتھ کئیر فیسلیٹیز میں امراض چشم کی سہولیات فراہم کرکے ہیلپر آئی اسپتال پر مریضوں کا دباکم کیا جا سکتا ہے ۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ہیلپر آئی اسپتال میں ڈسٹرکٹ اسپتالوں سے میڈیکل ٹیکنیشن کو امراض چشم کی تربیت فراہم کرکے ضلعی سطح پر آنکھوں کی بیماریوں کی طبی ریلیف کے لئے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کی اکثریت کا مکمل انحصار صرف ٹرشری کئیر ہاسپیٹلز پر نہ رہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہیلپر آئی اسپتال کے مسائل حل کرکے اسے بلوچستان میں امراض چشم کے علاج معالجے کا مثالی انسٹی ٹیوٹ بنائیں گےصحت کے شعبے میں اسپتالوں میں درپیش مسائل حل کرکے انہیں عوامی خدمت کے مراکز بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔