وہاڑی،19دسمبر(اے پی پی): ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر پولیس کی ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی پی او کے احکامات پر لڈن پولیس کی بڑی کارروائی،چوری اور ڈکیتی کرنیوالے گینگ کے تین ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے۔
ایس ایچ او تھانہ لڈن میاں عبدالروف کی سربراہی میں انکی ٹیم نے ہمراہ خان عرف خانی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان محمد خان ،فیاض اور پرویز کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ،11لاکھ نقدی ، طلائی زیورات ، ٹریکٹر ٹرالی ،موٹر سائیکلز سمیت کروڑوں روپے کا مسروقہ مال برآمد کر لیا گیا۔
ملزمان تھانہ لڈن سمیت دیگر تھانوں کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے اور پولیس کو مطلوب تھے۔
ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی طرف سے ملزمان کو گرفتار کرنیوالی ٹیم کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔