شہباز شریف نے عدالت پیشی کے موقع پر ایک دفعہ پھر جھوٹ بولنے کی خاندانی روایات کو برقرار رکھا: فیاض الحسن چوہان

86

لاہور، 22 دسمبر (اے پی پی): وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے عدالت پیشی کے موقع پر ایک دفعہ پھر جھوٹ بولنے کی خاندانی روایات کو برقرار رکھا، انہوں نے غلط بیانی کرتے ہوئے حکومت اور جیل انتظامیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی، عدالتی احکامات کے مطابق شہباز شریف کے لیے چار رکنی اعلٰی سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے، بورڈ میں نیورو سرجری، آرتھوپیڈک، ریڈیالوجی اور پتھالوجی کے سینیئر پروفیسرز شامل ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات اور میری نگرانی میں شہباز شریف کو بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حمزہ شہباز نے استعفاء دیکر بیگم صفدر اعوان سے اتحاد اور یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے، حمزہ شہباز نے استعفاء دینا ہے تو میاں جلیل شرقپوری کی طرح سپیکر اسمبلی کو استعفاء دیں، حقیقت یہ ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز استعفوں کے معاملے پر بلاول زرداری کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام روٹی کو چوچی نہیں کہتی، شریف خاندان کے ہاتھوں مزید بےوقوف نہیں بنے گی۔