وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا

129

کوئٹہ22دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلا س میں صوبے کے جاری اور نئے ترقیاتی سکیمات، 15فیصد سے یا اس سے کم ترقیاتی سکیمات کیلئے مختص کردہ فنڈز میں تبدیلی، مختص کردہ فنڈز سے تجاوز ہونے والی سکیمات اور کوویڈ 19۔ریسپانسیو اور دیگر قدرتی آفات سے متعلق کنٹرول پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس کو متعلقہ حکام نے وفاق اور صوبے کے تعاون سے جاری کوویڈ 19-ریسپانسیو اور دیگر قدرتی آفات کنٹرول پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ مذکور پروگرام وفاق اور صوبے کے اشتراک سے ترتیب دیاگیا ہے جس کے تحت ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرنے کے قومی پروگرام، پانی، سینٹیشن اور ہائی جین، مقامی انفراسٹکچرکی بہتری، کانگو وائرس اور جانوروں کی دیگر بیماریوں کے بچاؤ سے متعلق ویٹرنری کلینکس، واٹر سپلائی، سیوریج، ذریعہ معاش کی بہتری اور زراعت کے شعبے میں ٹنل فارمنگ کے فروغ سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیاگیا اس کے علاوہ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی ترقیاتی سکیمات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ 1597نئی سکیمات میں سے1429 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہوچکی ہے ۔ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کرتے ہوئے پانی، سینی ٹیشن اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر انفراسٹرکچراور ذریعہ معاش کو بہتر کیا جا ئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں ترقیاتی پروگرام کو موثر طورپر رواں رکھنے کیلئے آئندہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون میں تمام ضروری جزیات کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی سی ون کی تیاری میں وہ تمام ضروری چیزیں شامل کی جائیں جس سے ان سکیمات کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات میر عارف جان محمد حسنی،چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیاتی عبدا لصبور کاکڑاور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔