کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پارلیمانی کاروائی متاثر ہے، ورچوئل اجلاس سمیت جدید ٹیکنالوجی کا  استعمال وقت کی ضرورت ہے: ڈپٹی سپیکر محمود جان

113

پشاور، 24دسمبر(اے پی پی) :خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی طرح  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پارلیمانی کاروائی متاثر ہے چنانچہ اسی وجہ سے نہ تو قانون سازی ممکن ہے اور نہ ہی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ بات چیت ہو سکتی ہے۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے  ورچوئل اجلاس اور دیگر ٹیکنالوجی کا سہارا لینا ہوگا تاکہ اسمبلی ان ہنگامی حالات میں اپنا کردار ادا کر سکے اور مظلوم کی آواز ایوان تک پہنچ سکے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں یو این ڈی پی کے تعاون سے منعقد کیے گئے ایک اجلاس میں کیا اور انہوں نے اس موقع پر یو این ڈی پی کی معاونت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قریبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے جب کہ دور اضلاع کے اراکین اسمبلی ڈپٹی کمشنرز کی معاونت سے اجلاس میں ورچول شرکت ہونگے۔

اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ اس وقت صوبے سمیت پورے ملک  کو ایک بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس اہم مرحلے پر ہمارے ادارے بالخصوص اسمبلی، جو صوبے کی عوام کی نمائندگی کرتی ہے، کی افادیت قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی انفرادی طور پر اپنے حلقوں میں کام کر رہے ہیں، مگر چونکہ جدید دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے دنیا کی طرح پاکستان میں بھی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا۔

اس موقع پر یو این ڈی پی کے رہنما بلال خٹک نے کہا کہ یو این ڈی پی ورچوئل اجلاس سمیت دیگر جدید اصلاحات کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی کی معاونت کر رہا ہے اور جاری رکھے گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اراکین نے یو این ڈی پی کی معاونت کا شکریہ ادا کیا۔

 اجلاس کے دیگر شرکاء میں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش، اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی، سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی نصراللہ خٹک ، سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی امجد علی، یو این ڈی پی  کے رہنما بلال خٹک سمیت دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔