ملتان، 29دسمبر)اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے صوبائی کمشنر گرل گائیڈ ایسوسی ایشن مسسز تعظیم فضل نے ملاقات کی ۔ملاقات میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے کردار کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ہے ،گرل گائیڈ کی تربیت خواتین میں اعتماد اور جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،گرل گائیڈ کے ذریعے خواتین میں ایک ذمہ دارشہری ہونے کا جذبہ اجاگر کیا جاتا ہے۔
عامر خٹک نے کہا عملی زندگی میں کامیابی کے لئے گرل گائیڈ کی تربیت بہت اہمیت رکھتی ہے،ملتان میں خواتین اور طالبات کو گرل گائیڈ کے حوالے سے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ گرل گائیڈ وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی مہم میں آگے بڑھ کر حصہ لے،پی ایچ اے محدود وسائل کے باوجود پارکوں اور شہر کی خوبصورتی کے لئے کوشاں ہے۔
ملاقات میں ڈپٹی کمشنر کو گرل گائیڈ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ہے جبکہ گرل گائیڈ ایسوسی ایشن کی ریجنل اور ضلعی ممبران سمیت چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔