پاکستان کو ایتھوپیا تک سامان کی جلد فراہمی کیلئے خصوصی اجازت ملنی چاہئے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی  افریقی یونین کے پارلیمانی وفد  سے ملاقات میں گفتگو

130

اسلام آباد۔29دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان پہنچنے والے افریقی یونین کے پارلیمانی وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور   چیئرمین سینٹ سینیٹر محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ 12 رکنی وفد گذشتہ روز پاکستان کے دورہ پر پہنچا تھا۔چیئرمین سینٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،  افریقی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے پاکستان نے افریقین پالیسی کی اس سال تجدید کی ہے،  افریقی ممالک براعظم افریقہ کا دروازہ اور بحیرہ عرب میں پاکستان کے قریب ترین جغرافیائی مقام سے منسلک ہونے کی وجہ سے پاکستان کیلئے خصو صی اہمیت رکھتے ہی،  پاکستان نے افریقی ممالک میں سفارتخانوں اور مشن کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  جبوتی بین الحکومتی ترقیاتی ادارے (آئی جی اے ڈی)کا صدر مقام ہونے کی وجہ سے افریقی اور مشرقی افریقن کمیونٹی میں امن کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی آئی جی اے ڈی سربراہ کانفرنس سے بھی خطے کے حالات میں نمایاں بہتری آئے گی،  پاکستان کو آئی جی اے ڈی کا آبزرور ممبر بنانے کیلئے معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں،  پالیمانی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور افریقی ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ جبوتی کی جدت اور ترقی کیلئے صدر اسماعیل عمر گیلہ کا کردار قابل تحسین ہے۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ  پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین زمین کے ذریعے تجارت جبوتی کے توسط سے ہوتی ہے پاکستان کو ایتھوپیا تک سامان کی جلد فراہمی کیلئے خصوصی اجازت ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ معیاری خدمات میں سرمایہ کاری اور توسیع کیلئے پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروبای افرادکیلئے خصوصی پیکیج وضع کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جبوتی مختلف ایشیائی ممالک سے زرعی اور تیار شدہ اشیا در آمد کرتا ہے اس مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جبوتی کو سفارتکاری، بینکاری اور ریلوے کے شعبے میں تربیت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے،  پاکستان جبوتی کے مابین کھیل کے شعبے بالخصوص فٹ بال کی ترقی کیلئے روابط بڑھائے جائیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان جبوتی کو وبائی مرض کووڈ۔19 کو کنٹرول کرنے کیلئے تکنیکی اور طبی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افریقہ میں اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے کے حوالے سے آپریشن میں پاکستان کے تعمیر اتی کردار کی وجہ سے افریقی ممالک میں پاکستان کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے،  مقبوضہ کشمیر کا حل اقوا م متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔