لاہور،30 دسمبر(اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ہمارے بچوں کا مستقبل سنگل نیشنل کریکولم منصوبے سے جڑا ہے، کسی بھی قسم کی کوتاہی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے سنگل نیشنل کریکولم کے حوالے پروونشنل ورکشاپ کے دوسرے مرحلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ورکشاپ میں ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سنگل نیشنل کریکولم مشاورتی ورکشاپ کے دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کے لیے کام کیا جا رہا ہے،سنگل نیشنل کریکولم کی مکمل ٹیم کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران انتھک محنت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگل نیشنل کریکولم کی کامیابی تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ہمارے بچوں کا مستقبل اس منصوبے سے جڑا ہے، کسی بھی قسم کی کوتاہی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ سال 2021 میں پرائمری سطح پر طلبا کو نئی کتابیں دی جائیں گی۔سنگل نیشنل کریکولم کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد سال 2022 میں ہو گا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن، چئیرمن پی سی ٹی بی، مینیجنگ ڈائریکٹر پی سی ٹی بی، و دیگر نے بھی شرکت کی۔











