ملتان، 31دسمبر(اے پی پی ):شہر اولیاء میں مثالی صفائی کے لئے دستیاب مشینری موثر انداز میں استعمال کرنے کا فیصلہ کرنے پر
ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے تمام آف روڈ مشینری کی مرمت کا کام تیز کر دیا ہے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کمپنی ورکشاپ اور پارکنگ یارڈ کا دورہ کیا۔
ایم ڈی نے زیر مرمت گاڑیوں کا جائزہ بھی لیا اور زیرمرمت گاڑیوں کے نقائص بارے ورکرز سے دریافت کیا اور مسائل معلوم کئے اور ایم ڈی نے گاڑیوں کی مرمت کا کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔
ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ خراب گاڑیوں کی مرمت میں تاخیر سے کمپنی کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے ، کنٹینرز اور ہینڈ کارٹس کی مرمت کا کام میں بھی تیزی لائی جائے،پارکنگ یارڈ میں فوری طور پر لائٹنگ کا انتظام بھی کیا جائے، ورکرز کے لئے کمرے اور واش رومز بھی تعمیر کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کو کام کے لئے بہترین ماحول فراہم کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔
منیجر ورکشاپ انوارالحق نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 85 کنٹینرز مرمت کردیئے گئے ہیں جبکہ کنٹینرز کی مرمت کا کام تیز کر دیا گیا ہے 170 ہینڈ کارٹس بھی مرمت کرکے ورکرز کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
دورہ کے دوران ہمراہ ورکشاپ منیجر انوارالحق،ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل سمیع اللہ اور ارشاد خان بلوچ بھی تھے ۔