مظفر گڑھ، یکم جنوری (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کھلی کچہری لگائی جس میں تحصیل مظفرگڑھ کی عوام کے محکمہ ریونیو کے مسائل کو سنا گیا۔
کھلی کچہری میں ریکارڈ کی درستگی، فرد ملکیت کا اجراء، انتقالات کااندراج، زمین کی تقسیم، رجسٹری و دیگر مسائل کو سنا گیا او ران کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے سائل کو دفاتر کے چکر نہ لگوائیں۔ریکارڈ کی درستگی، ریکارڈکی فراہمی، شجرہ کی تکمیل و دیگر سرکاری امور سے سائل کا کوئی تعلق نہیں یہ سب ریکارڈ ہم نے تیار کرنا ہے اور فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ پٹواریوں، قانونگو اور دیگر عملے کو ایسی کسی بھی مشکلات کا سامنا ہے تو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ اس کا حل نکالاجائے نہ کہ عوام و سائلین کوپریشان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج آنے والے تمام سائلین کے مسائل آج ہی حل کیے جائیں گے۔ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر تحصیل مین ہفتے میں ایک دن تمام افسران ایک چھت تلے موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو سے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب، تحصیلدار صاحبزادہ ظفر مہاروی سمیت سب رجسٹرار، قانونگو، پٹواری اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر بھی موجود تھا۔
ضلع مظفرگڑھ کی دیگر تحصیلوں، تحصیل کوٹ ادو، تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنران کی سربراہی میں تحصیل آفس میں بھی کھلی کچہری لگائی گئیں اور محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔