صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کا   آئندہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی ضرورت پر زور

104

اسلام آباد،19جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئندہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے پاکستان میں کامیاب جمہوری نظام کو فروغ حاصل ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر سندھ ، عمران اسماعیل اور چیف آرگنائزر ، پاکستان تحریک انصاف ، سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سندھ کی سیاسی صورتحال بھی بریفنگ دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئندہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی ضرورت پر زوردیا،انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات سے پاکستان میں کامیاب جمہوری نظام کو فروغ حاصل ہو گا۔

صدر مملکت نے کراچی کو 52 جدید فائر انجنز کے تحفے پر گورنر سندھ کو مبارکباددی۔صدر عارف علوی نے کہاکہ نئے فائر انجنز سے شہر کے فائر ایمرجنسی نظام کو مزید موثر اور تیزرفتار بنانے میں مدد ملے گی، صدر نےکراچی میں جمشید اور پاکستان کوارٹرز کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔