اپوزیشن  جماعتیں پی ڈی ایم کی شکل میں اپنی چوری بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں؛وفاقی وزیر  عمر ایوب خان

56

ہری پور، 25 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جماعتیں پی ڈی ایم کی شکل میں اپنی چوری بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں، عوام سے ان کو کوئی ہمدردی نہیں ہے اور نہ ہی اپوزیشن کا کوئی مقصد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل غازی میں 5 کروڑ کی لاگت سے ازسرنو تعمیر ہونے والے جھامرہ بھال روڈ کے منصوبہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ میں سوئی گیس کی فراہمی،  بجلی کے نظام میں مزید بہتری اور سڑکوں کی تعمیر اربوں روپے کے منصوبوں  پر کام تیزی سے کام جاری ہے۔ حطار گریڈ اسٹیشن کی تعمیر سے ضلع بھر میں وولٹیج کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔

 وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حلقہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، دوردراز علاقوں کو بھی سوئی گیس کی فراہمی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے، بجلی کے نظام میں  بہتری لائی جا رہی ہے اور  اربوں روپے کی لاگت سے نئے فیڈز و گریڈ  اسٹیشن بنائے جا رہے جس سے آئندہ 80/ 90 سالوں کے لئے وولٹیج کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔  وفاقی وزیر برائے توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا کہ وزیراعظم عمر ان خان کے دل میں عوام کا درد ہے، آج صوبہ  خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ کا اجراء ہو چکا ہے جس سےصوبہ خیبرپختونخوا کا رہائشی ہر شخص کو 10 لاکھ تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 سالوں کے دوران جو کام ہوئے وہ مثالی ہیں اور آئندہ بھی ترقیاتی کاموں کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔

  وفاقی وزیر عمر ایوب خان نےجھامرہ کے لئے  سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے ۔تقریب سے سابق ممبر ضلع کونسل ہری پور ملک محمد افضل و دیگر مقررین نے بھی خطاب  کیا ۔

 تقریب کی صدارت سید شوکت شاہ نے کی جبکہ تقریب میں پی ٹی آئی کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید اختر شاہ،  انصاف ونگ کے نائب صدر افتخار خان بھی موجود تھے ۔