پختہ عزم اور ثابت قدمی ہی وزیراعظم عمران خان کی پہچان ہے ، 2023  تک وزیر اعظم رہیں گے: گور نر پنجاب

60

لاہور،25جنوری(اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کی پی ڈی ایم کی خواہش ان کے دل میں ہی رہ جائے گی۔اپوزیشن اپنی تسلی کر لے عمران خان ہی 2023  تک وزیر اعظم ہیں، پختہ عزم اور ثابت قدمی ہی وزیراعظم عمران خان کی پہچان ہے۔

ان خیالات کا اظہار  گورنر پنجاب  نے پیر کو یہاں  صو بائی وزیر قانون راجہ بشارت  سے  دوران ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیے،ان کا کہنا تھا کہ ہر محاذ پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم اب محفوظ راستے کی تلاش میں ہے ،عوام منتخب حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول میں ہل چل پیداکرتے رہنا پی ڈی ایم کی مجبوری بن چکی ہے، پی ڈی ایم دیکھے گی کہ سینیٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف جیتے گی، حکومت مضبوط اور مستحکم ہے مخالفین کی دھمکیوں سے کوئی فر ق نہیں پڑے گا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور   نےکہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت عملی اور فوری اقدامات کر رہی ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے مسائل حل کر نے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ،وزیر اعظم پر قوم کو مکمل اعتماد ہے۔ اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے ۔ انہوں نے کہا  کہ اپوزیشن کو چاہیے وہ احتجاج اور جلسوں کی ضد چھوڑ  دے۔