سکھر،28 جنوری (اے پی پی ): نیب سکھر نے مختلف کیسوں میں پلی بارگین کے ذریعے وصول کی گئی رقم ایک کروڑ56 لاکھ89 ہزار روپے کا چیک سندھ حکومت کے حوالے کردیا۔ نیب سکھر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سادہ پروقار تقریب منعقد کی گئی، ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر مرزا محمد عرفان بیگ نے ایک کروڑ56 لاکھ89 ہزار روپے کا چیک سندھ حکومت کے محکمہ خزانہ کے نمائندے کے حوالے کیا،مذکورہ رقم محکمہ خوارک اور لوکل گورنمنٹ کے متعلق مختلف کیسز میں پلی بارگین کے ذریعے وصول کی گئی تھی ۔
ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر مرزا محمد عرفان بیگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب چیئرمین جسٹس (ر ) جاوید اقبال کے ویژن “ہمار ا عزم بد عنوانی سے پاک پاکستان” پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے نیب ا فسران کی انتھک محنت اور ٹیم ورک کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افسران اسی جزبہ ، جوش اور ولولے کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گے۔۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر اٹل ہے اور مستقبل میں بہتر نتائج حاصل ہونگے۔
تقریب میں ڈائریکٹر نیب سکھر ، انویسٹی گیشن آفیسرز اور سینئر افسران موجود تھے۔