لاہور، 28 جنوری(اے پی پی):صوبائی وزیر قانون و چیئرمین کشمیر کمیٹی پنجاب راجہ بشارت کا یوم یکجہتی ء کشمیر کے حوالے سے صوبہ بھرکے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو اجلاس ہوا۔وزیرقانون نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کی سرگرمیوں پر مبنی وزیر اعلیٰ کی ہدایات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار چاہتے ہیں کہ پنجاب سے کشمیریوں کی حمایت میں مضبوط پیغام جانا چاہیے،اس لیے 5 فروری کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر متعدد پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں اور کالجوں میں کشمیر پر مباحث و مضمون نویسی کے مقابلے کروائے جائیں،ریلوے اسٹیشنوں، لاری اڈوں،سڑکوں اور پبلک مقامات پر کشمیری اور پاکستانی پرچم اور نعروں پر مبنی بینر آویزاں کیے جائیں ۔
راجہ بشارت نے کہا کہ تمام اسٹنٹ کمشنرصوبائی انتخابی حلقوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر کا اہتمام کریں،ہاکی اور فٹ بال کے میچ اوربھارتی مظالم پر دستاویزی فلموں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک،پرنٹ اورسوشل میڈیا پر کشمیری عوام کی حمایت میں بھرپور مہم چلائی جائےجبکہ ضلعی انتظامیہ تمام سرگرمیوں میں سیکیورٹی اور کورونا ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائے جائے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی،ایم پی اے مہندرپال سنگھ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔