اسلام آباد,28جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کورونا عالمی وبائی چیلنج سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غیر فطری اور مصنوعی اتحاد کی قلعی کھل چکی ،پی ڈی ایم کا شیرازہ بہت جلد بکھرنے کو ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باشعور عوام نے پی ڈی ایم کے کھوکھلے نعروں اور جلسے جلوس کی احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا،کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ، وزیر اعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔