برسلز، (بیلجئیم)،29جنوری(اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل اور سہولیات کی فراہمی کے لئے پہلی ای کچہری کا انعقاد جمعہ کو یہاں کیا گیا۔
اس موقع پر بیلجیم ، لکسمبرگ اور ای- یو کیلئے پاکستان کے سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ بیرونی ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور انکے مسائل کا فوری تدارک ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا ء کی موجودگی کے باوجود ہمارا آج اس پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا سفارتخانہ اور دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے درمیان ایک مضبوط تعلق کی نشاندہی ہے ۔
ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ سال کرونا وبا ءکے باوجود سفارتخانہ ، کونسلر امور انتہائی خوش اصلوبی سے انجام دیتا رہا ہے حالانکہ اس دوران دیگر دفاتر میں وباء کے باعث کام بند ہو چکا تھا۔
کرونا وبا کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے نئے اور سہل ضابطہ کار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفارتخانے نے وباء کے دوران ایک افسر کو بطور فوکل پرسن بھی متعین کیے رکھا ہے ، جو چوبیس گھنٹے ہر قسم کی ایمر جنسی میں بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد کے لئے دستیاب رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے دوران سفارتخانہ مقامی حکومتوں اور ایمیگریشن حکام سے بھی مستقل رابطے میں رہ کر بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد کررہا ہے۔
پاکستان کے سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے مزید کہا کہ سفارتخانہ وباء کے دوران بیلجیم اور لکسمبرگ کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم طلبہ سے بھی مستقل رابطے میں ہے ۔
کچہری کے دوران سفارتخانے کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران بھی موجود تھے تاکہ تمام شکایات اور مسائل کا ممکنہ حل فوری طور پر تلاش کیا جا سکے۔ کچہری میں کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد ، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی طلبہ نے شرکت کی اور سفارتخانہ کے اقدامات کو سراہا۔
کچہری کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے تمام کمیونٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ہر ماہ اس طرح کی ملاقاتوں کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔